اثبات پبلی کیشنز ، Yellow & Red Music کا پبلی کیشن ڈیویژن ہے۔ تیز رفتاری سے ترقی کرتی ہندوستانی موسیقی کی صنعت میں Yellow & Red Music نے تازگی ، تنوع اور تخلیقیت کے ذریعے مختصر سے عرصہ میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ اور آج اس کا شمار موسیقی کی معروف اور معیاری کمپنیوں میں ہوتا ہے۔
Yellow & Red Music کے زیرتحت "اثبات پبلی کیشنز" کے قیام کے پس پشت اردو زبان و ادب کی ترقی و ترویج کا مخلصانہ اور غیرمشروط جذبہ کارفرما رہا ہے۔ طباعت و اشاعت کے پیشہ وارانہ میدان میں جدید ترین تقاضوں کے ساتھ معیاری شعر و ادب کی پیشکش اس اشاعتی ادارے کے نصب العین میں شامل ہے۔
اثبات پبلی کیشنز کی جانب سے سہ ماہی "اثبات" کا اجرا درحقیقت ادب کی مثبت اور آفاقی قدروں کے ترجمان کی پیشکش ہے۔ عالمی سطح کے ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے سہ ماہی "اثبات" کا جو استقبال اور پذیرائی ہوئی اور ہو رہی ہے وہ اثبات پبلی کیشنز کے جذبۂ جنوں کو مہمیز کرنے کا باعث بنی ہے۔
سہ ماہی"اثبات" کی خوش اقبالی کے بعد اثبات پبلی کیشنز کی طرف سے "اردو کیمپس" (سہ ماہی) جاری کیا جا رہا ہے جو بالخصوص طلبا کے لیے اور بالعموم شعر و ادب کے ان تمام قارئین کی نذر ہے جو ہمیشہ علم و ادب کے جویا رہتے ہیں۔
اثبات پبلی کیشنز کی شناخت گو کہ فی الحال سہ ماہی "اثبات" اور سہ ماہی "اردو کیمپس" تک محدود ہے لیکن مستقبل میں ادب و صحافت کے حوالے سے کئی اہم منصوبوں پر عمل آوری کے نیک جذبے پبلشر قاضی شہاب عالم اور دونوں رسائل کے مدیر اشعر نجمی کے دلوں میں موجزن ہیں۔
معزز صارفین / قارئین اب دونوں رسائل کے ویب ایڈیشن اردو یونیکوڈ تحریر میں لفظ / فقرہ کی تلاش کی سہولت کے ساتھ ملاحظہ کر سکتے ہیں۔ متعلقہ رسالے کی ویب سائیٹ تک پہنچنے کے لیے برائے مہربانی اوپر دئے گئے بٹن کو کلک کیجئے۔


















